کراچی/گھوٹکی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے مشترکہ اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے اندرونِ سندھ ضلع گھوٹکی میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے قبضے سے 14 مغوی مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
تفصیلات کے مطابق 15 دسمبر 2025 کی رات صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس صدا بہار کو اوباڑو کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے روک کر 18 مسافروں کو بس سے اتار کر اغوا کر لیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز (سندھ) نے پولیس کے ساتھ مل کر فوری ردعمل دیا اور کچے کے علاقوں کی جانب جانے والے تمام راستوں کی مکمل ناکہ بندی کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق آپریشن کے دوران 14 مغویوں کو بازیاب کرا لیا گیا، جبکہ ایک مغوی کی لاش جائے وقوع سے کچھ فاصلے پر ملی۔ ابتدائی شواہد کے مطابق لاش پر تشدد کے آثار نہیں پائے گئے اور ہلاکت بظاہر دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ تین مغوی اپنی مدد آپ کے تحت اغواکاروں سے فرار ہو کر بحفاظت اپنے گھروں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ رینجرز اور پولیس کی کارروائی کے دوران اندھار اور لاٹھانی باکھرانی گینگ سے تعلق رکھنے والے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان رینجرز (سندھ) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں تاکہ سندھ کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔ شہری کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
