کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت کراچی پولیس آفس میں کرسچن کمیونٹی کے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن، ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز، زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز، دیگر سینئر پولیس افسران اور کرسچن کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
گڈاپ پولیس کی بروقت کارروائی، چوری شدہ گاڑی برآمد کر کے مالک کے حوالے
اجلاس میں 25 دسمبر کے موقع پر شہر بھر میں امن و امان، سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ زونل ڈی آئی جیز نے اپنے اپنے علاقوں میں کیے گئے حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ کرسمس کے موقع پر شہر بھر کے گرجا گھروں کی حفاظت کے لیے جامع اور فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ چونکہ مذہبی تقریبات کا آغاز 24 دسمبر کی رات سے ہو جاتا ہے، اس لیے پولیس کی نفری اسی مناسبت سے تعینات کی جائے گی۔ 24 اور 25 دسمبر کی رات پولیس کے سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے، جبکہ 25 دسمبر کی صبح گرجا گھروں کے اطراف، داخلی و خارجی راستوں اور گزرگاہوں پر سخت حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ہدایت دی کہ ہر چرچ کے لیے فوکل پرسن مقرر کیے جائیں، کمیونٹی پولیسنگ کے تحت کرسچن کمیونٹی سے مسلسل رابطہ رکھا جائے، چرچز کی سیکیورٹی کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے، غیر ضروری تجاوزات ختم کی جائیں اور پارکنگ چرچز سے مناسب فاصلے پر رکھی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی، لیڈی سرچرز کی تعیناتی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی معاونت کو بھی یقینی بنایا جائے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ کراچی پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

