نئی دہلی/کراچی: بھارت کی نئی فلم ’دھُرندھر‘ کو مبینہ طور پر پاکستان مخالف اور متنازعہ مواد کے باعث خلیجی ممالک میں ریلیز کی اجازت نہیں مل سکی، جس کے بعد فلم سازوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
کولکتہ میں لیونل میسی کی آمد بدنظمی کا شکار، ناقص انتظامات پر تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فلم بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت چھ خلیجی ممالک میں نمائش سے روک دی گئی ہے، حالانکہ فلم کی ٹیم نے مشرقِ وسطیٰ میں اس کی ریلیز کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔
فلم سے وابستہ ایک ذریعے کے مطابق حکام کی جانب سے یہ خدشہ پہلے ہی ظاہر کیا جا رہا تھا کہ فلم کو پاکستان مخالف تصور کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کے مواد کی کسی بھی خلیجی ملک میں منظوری نہیں دی گئی، جس کے باعث ’دھُرندھر‘ خطے میں ریلیز نہ ہو سکی۔
ادیتیا دھر کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 5 دسمبر کو ریلیز ہوئی، جنہوں نے اس سے قبل ’یوری: دی سرجیکل اسٹرائیک‘ اور ’آرٹیکل 370‘ جیسی فلمیں بنائیں۔ فلم کی کہانی ایک بھارتی جاسوس کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار رنویر سنگھ نے ادا کیا ہے، جو کراچی کے علاقے لیاری میں تعینات دکھایا گیا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں ارجن رامپال، آر مادھون، سنجے دت اور اکشے کھنہ بھی شامل ہیں۔
فلم کی ریلیز کے بعد پاکستانی اور بھارتی ناظرین کی جانب سے اس کی مبینہ پروپیگنڈا نوعیت پر سخت تنقید کی گئی۔ بعض پاکستانی صارفین نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ خطے سے جڑی کئی کہانیاں، جو اصل میں پاکستان سے متعلق ہیں، انہیں پیش کرنے میں مقامی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری مؤثر کردار ادا نہیں کر سکی۔
کچھ ناظرین نے اس بات پر بھی تنقید کی کہ پاکستانی عوام بڑی تعداد میں بھارتی مواد دیکھتے اور اپناتے ہیں، حالانکہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر طویل عرصے سے پابندیاں اور بائیکاٹ جاری ہیں۔
اگرچہ خلیجی ممالک کی جانب سے پابندی کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم یہ فیصلہ حالیہ برسوں میں متعدد بھارتی فلموں کو درپیش مشکلات کے تسلسل کا حصہ سمجھا جا رہا ہے، جنہیں متنازعہ یا حساس مواد کے باعث خلیج میں نمائش کی اجازت نہیں دی گئی۔
ماضی میں بھی ہریتک روشن اور دپیکا پڈوکون کی فلم ’فائٹر‘، اکشے کمار کی ’اسکائی فورس‘ اور جان ابراہم کی ’دی ڈپلومیٹ‘ کو اسی نوعیت کے خدشات کے باعث متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں پابندی یا محدود ریلیز کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
