کراچی کے رزاق آباد میں واقع شہید بینظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر میں ایگلیٹ کورس کی تین ماہ پر مشتمل تربیتی کورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ سندھ سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے مہمان کا استقبال کیا۔ آئی جی سندھ کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
فیض حمید سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے اچھی خبر نہیں احتساب سب کا ہوگا محمود مولوی
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اور اس میں سینٹر کے کمانڈنٹ، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز ٹریننگ، اور تمام ٹریننگ سینٹرز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔ تقریب میں کل 953 ٹرینیز بشمول 412 خواتین نے کامیابی کے ساتھ پاس آؤٹ کیا، اور پاسنگ آؤٹ ہونے والے ٹرینیز کے ساتھ شہداء کی فیملیز کو بھی مدعو کیا گیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ٹرینیز نے تربیتی مراحل میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اور فیلڈ میں اپنی تربیت کو عملی طور پر دکھا کر پولیس فورس کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہماری اولین ترجیح ہے اور تربیت کے نصاب کو عالمی معیار کے مطابق برقرار رکھا جائے گا۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے بیج کی خوش قسمتی ہے کہ یہ آئی جی سندھ کی قیادت میں تربیت حاصل کر رہے ہیں، اور ٹریننگ سینٹر میں جاری ہر نئے پروجیکٹ اور ترقیاتی کام کو بہترین انداز میں انجام دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ٹرینیز کو نصیحت کی کہ فیلڈ میں کام کے دوران ایمانداری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیں۔
کمانڈنٹ شہید بینظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر نے بھی مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور سینٹر میں دستیاب وسائل اور تربیتی معیار کے حوالے سے بریفنگ دی۔
پاسنگ آؤٹ ہونے والے ٹرینیز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو میڈلز اور تعریفی اسناد بھی فراہم کی گئیں۔ آئی جی سندھ نے تمام ٹرینیز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فیلڈ میں کارکردگی ان کی تربیت کی عملی عکاسی ہوگی۔

