فیض حمید سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے اچھی خبر نہیں احتساب سب کا ہوگا محمود مولوی

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاست دان محمود مولوی نے کہا ہے کہ فیض حمید سے فیض یاب ہونے والوں کے لیے آنے والا وقت خوشگوار نہیں ہوگا، کیونکہ فیض حمید کی وجہ سے اداروں اور متعدد افراد کو نقصان پہنچا۔
پاک فوج کی کارروائی ضلع مہمند اور بنوں میں 13 خوارج ہلاک

محمود مولوی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے فیض حمید سے بھرپور فائدہ اٹھایا، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک میز پر بیٹھیں اور ملکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جس نے بھی ملک کو نقصان پہنچایا، اس کا احتساب ضرور ہوگا کیونکہ عوام جمہوریت کا فروغ چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ایڈمنسٹریٹو یونٹس کی بات ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی نے ماضی میں پنجاب میں نیا صوبہ بنانے کی تجویز دی اور اس حوالے سے بل بھی پاس کروایا تھا۔ آبادی میں اضافے کے پیش نظر پورے ملک میں انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس بننے سے عوام کے مسائل حل ہوں گے، نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے، نچلی سطح سے اوپر تک کرپشن موجود ہے، اب سب کا احتساب ہوگا، اور فوج نے اپنے ایک انتہائی طاقتور شخص کا احتساب کرکے مثال قائم کی ہے۔

اس موقع پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ احتساب کی بات تو ہمیشہ سنی تھی، آج اسے ہوتے ہوئے بھی دیکھ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کو ایک نازک موڑ سے نکالنا ہے، جس کے لیے باہمی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملکی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی جیل سے باہر قیادت نااہل ہے جبکہ کارکن مشکلات کا شکار ہے، اس لیے پارٹی کو مزاحمت کے بجائے مفاہمت کی سیاست اپنانی چاہیے۔

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات میں ہے، سیاسی درجہ حرارت کم کرنا ہوگا، اور جن لوگوں نے فیض حمید سے فائدہ اٹھایا ہے وہ ہوشیار ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عادل راجہ جیسے افراد کو کسی جماعت سے نہیں بلکہ صرف ڈالر سے محبت ہے، پی ٹی آئی کو ایسے عناصر سے خود کو الگ کرنا چاہیے اور اپنی سیاسی جدوجہد کو سیاسی دائرے میں ہی رکھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز نے احتساب کا آغاز اپنے ادارے سے کیا، فیض حمید کی سزا خوش آئند فیصلہ ہے، اور معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر عزت ملی۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں کسی سیاسی شخصیت کا نام نہیں لیا، ان کے خیال میں معاملہ سابق آرمی چیف تک نہیں جائے گا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، دونوں جانب بیٹھے لوگ بھی اسی ملک کے شہری ہیں، اس لیے ایسا ماحول بنایا جائے کہ سب مل بیٹھ کر بات کر سکیں۔

60 / 100 SEO Score

One thought on “فیض حمید سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے اچھی خبر نہیں احتساب سب کا ہوگا محمود مولوی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!