شہر قائد میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں میں سست روی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے اور مینا بازار انڈر پاس سے متعلق اہم پیش رفت سے عوام کو آگاہ کر دیا ہے۔
بگرام ایئر بیس پر فوجی تیاریوں کے دعوے بے بنیاد سب کچھ محض پروپیگنڈا نکلا واشنگٹن پوسٹ
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پیر کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مینا بازار انڈر پاس کو آئندہ فروری تک ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، جس سے علاقے میں درپیش یوٹیلٹی اور آمدورفت کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ اس وقت کراچی کا سب سے بڑا چیلنج بنا ہوا تھا، تاہم اس منصوبے سے متعلق درپیش رکاوٹوں کو دور کر لیا گیا ہے اور اب کام تیزی سے جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو جلد اس منصوبے کے حوالے سے خوشخبری ملے گی۔
میئر کراچی نے شاہراہ بھٹو منصوبے کو پورے ملک کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شاہراہ صرف کراچی نہیں بلکہ پاکستان کی مجموعی ٹریفک کے لیے ایک مرکزی راستہ ثابت ہوگی، جہاں سے ملک بھر کی ٹریفک گزرے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران میئر کراچی نے جماعت اسلامی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وسطی کے تمام ٹاؤنز جماعت اسلامی کے پاس ہیں لیکن وہاں عملی کام صفر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم کا حلقہ ہے، مگر یوسی چیئرمین منتخب ہونے کے بعد وہ لاہور منتقل ہو گئے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی منافقت سے نہیں بلکہ عملی کام سے ترقی کرے گا اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کام کرتی ہے جبکہ دیگر جماعتیں صرف افتتاحی تقاریب میں فیتے کاٹنے پہنچ جاتی ہیں۔
میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹاؤن چیئرمینز سے بھی سوال کریں کہ اگر کراچی کا پیسہ شہر پر خرچ نہیں ہو رہا تو آخر وہ کہاں استعمال ہو رہا ہے۔
