گزشتہ ماہ نومبر سے اب تک ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی کی ہدایات پر شہر کے مختلف علاقوں میں گٹکا اور ماوا فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں کی ہیں۔
بی آر ٹی ریڈ لائن اور مینا بازار انڈر پاس پر خوشخبری فروری تک انڈر پاس کھول دیا جائے گا: میئر کراچی
پولیس کی جانب سے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف تھانہ جات کی حدود میں خفیہ اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 80 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 98 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
مزید برآں، تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل اور تھانہ شریف آباد کی حدود میں قائم کچھ رہائشی مکانوں میں چھاپے مارے گئے، جہاں خفیہ طور پر گٹکا/ماوا کی فیکٹریاں چل رہی تھیں۔ چھاپوں کے دوران پولیس نے 3 مزید ملزمان کو گرفتار کیا اور بھاری مقدار میں 229 کلو چھالیہ، 14,317 پیکٹ تیار شدہ گٹکا/ماوا، دیگر گٹکا بنانے کے سامان و برتن، اور 171,570 روپے نقد رقم برآمد کی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ جات میں مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے غیر قانونی کاروبار کے بارے میں فوری اطلاع دیں تاکہ مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق پولیس کی یہ کارروائیاں عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور غیر قانونی منشیات و گٹکا/ماوا فروشی کے خاتمے کے لیے تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔
