کمشنر کراچی کی ہدایت پر عبداللہ ہارون روڈ پر معذور افراد کے لیے مخصوص ریمپ کا وعدے کے مطابق ایک ہفتے کے اندر افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاح کے موقع پر انجینئرز اور معذور افراد کے ہمراہ موقع کا سروے بھی کیا گیا تاکہ سہولت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
کراچی میں بھتہ خور نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی 9 خطرناک ملزمان گرفتار بھاری اسلحہ برآمد
ڈپٹی کمشنر جنوبی حاظم بھنگوار نے اس موقع پر کہا کہ یہ اقدام معذور افراد کی محفوظ اور باوقار آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور دنیا بھر میں انہیں ’’خصوصی افراد‘‘ کا درجہ دیا جاتا ہے، اس لیے شہری سہولیات تک ان کی رسائی یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر جنرل نے بتایا کہ تین تلوار چورنگی پر بھی معذور افراد کے لیے ریمپ کی تعمیر کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مرحلے میں نمائش چورنگی اور شاہراہ فیصل کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔
انتظامیہ کے مطابق شہر کی تمام بڑی شاہراہوں پر معذور افراد کے لیے ریمپس تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ خصوصی افراد کو شہری سہولیات تک آسان، محفوظ اور باوقار رسائی فراہم کی جا سکے۔

