وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شاہراہِ بھٹو پر ملیر ندی کے مقام پر این۔فائیو (مرغی خانہ) پل کے تعمیراتی منصوبے کا دورہ کیا، جہاں انہیں منصوبے کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کراچی میں رینجرز کی بڑی کارروائی نان کسٹم پیڈ موبائل فونز کی اسمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملیر ندی پر این۔فائیو پل کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25 کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کی مجموعی لاگت 2 ارب 92 کروڑ 16 لاکھ روپے ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ منصوبے کا آغاز 20 مارچ 2025 کو کیا گیا تھا اور اسے 20 مارچ 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
منصوبے کے مطابق پل کی مجموعی لمبائی 457 میٹر جبکہ کیرج وے کی چوڑائی 15 میٹر ہوگی۔ اس میں ریمپ اے اور ریمپ بی، سروس روڈز، میڈین، فٹ پاتھ اور مضبوط پل اسٹرکچر شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تعمیراتی معیار اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ منصوبے پر کام مزید تیز کیا جائے اور اسے ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، کسی قسم کی تاخیر ناقابل قبول ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے انفرااسٹرکچر کے منصوبے ناگزیر ہیں اور یہ پل شہریوں کو محفوظ، تیز اور بہتر سفری سہولت فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطہ مؤثر بنانے اور منصوبے سے وابستہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کی، تاکہ ملیر اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے۔
