فرنٹیئر کور نارتھ بلوچستان اور کوئٹہ کسٹمز نے انسدادِ اسمگلنگ کے تحت مشترکہ اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسمگل شدہ سامان برآمد کر لیا۔ کارروائی کے دوران اسمگل شدہ سگریٹس، چھالیہ اور چائے سے بھرے 10 ٹرک ضبط کر کے کسٹمز وئیر ہاؤس منتقل کر دیے گئے۔
کیماڑی میں منشیات اسمگلنگ ناکام 15 کلو سے زائد چرس برآمد ملزم گرفتار
حکام کے مطابق ان مشترکہ کارروائیوں کے دوران ضبط کیے گئے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 70 کروڑ روپے ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران انسدادِ اسمگلنگ مہم کے تحت اربوں روپے مالیت کا سامان قبضے میں لیا جا چکا ہے۔
کسٹمز ذرائع کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں میں ضبط شدہ اشیاء میں 70 سے زائد لگژری گاڑیاں، سگریٹس، چائے، کپڑا، چھالیہ اور منشیات شامل ہیں۔ یہ کارروائیاں وفاقی حکومت اور عسکری قیادت کی خصوصی ہدایات پر اسمگلنگ کے ناسور کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں۔
کلیکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے کہا ہے کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن عناصر کو ملکی معیشت اور قومی سلامتی سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کے مکمل خاتمے تک فرنٹیئر کور نارتھ بلوچستان اور کوئٹہ کسٹمز کی مشترکہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
