کراچی، 12 دسمبر 2025 — ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس کراچی کے دفتر میں آج ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں روبو کار اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ای چالان کے نفاذ کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی ٹریفک نے کی جبکہ تمام اضلاع کے ایس ایس پیز بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر میں نو پارکنگ، ڈبل پارکنگ اور دیگر پارکنگ قوانین کی خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ روبو کار کے ذریعے خلاف ورزیوں کی خودکار نشاندہی کرتے ہوئے فوری ای چالان جاری کیے جائیں گے۔
اسی طرح ڈرون سسٹم بھی پارکنگ قوانین کی خلاف ورزیوں کی ریکارڈنگ کرے گا، جس کی بنیاد پر موقع پر ہی ای چالان کے اجرا کو یقینی بنایا جائے گا۔
حکام کے مطابق جہاں کہیں ڈبل پارکنگ یا نو پارکنگ کی خلاف ورزی پائی جائے گی، وہاں روبو کار اور ڈرون دونوں کے ذریعے فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شہریوں میں قانون کی پاسداری کو فروغ دینے کے ساتھ ٹریفک کے بہاؤ کو بھی بہتر بنائے گا۔
