کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 39 روزہ "ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025” اپنے شاندار عالمی ثقافتی پروگراموں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایس بی سی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض مُلا کے خلاف سنگین الزامات — وزیرِاعلیٰ سندھ کی خاموشی پر سوالات
تقریب میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی، بین الاقوامی سفارت کار، مقامی اور غیر ملکی فنکار، میڈیا نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 39 روزہ فیسٹیول میں دنیا کے 142 ممالک کے 1000 سے زائد فنکاروں نے حصہ لیا اور امن، محبت اور ماحولیات کے پیغام کو فن کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خطاب میں کہا کہ کراچی اب ثقافت کا دارالخلافہ بن چکا ہے اور یہ فیسٹیول پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر مثبت شناخت کا باعث بنا ہے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے فیسٹیول میں حصہ لینے والے تمام فنکاروں اور اسٹاف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فنکار جنگ نہیں چاہتے بلکہ امن کا پیغام دنیا تک پہنچاتے ہیں۔
فیسٹیول کے اختتام پر مختلف ممالک کے فنکاروں کی شاندار پرفارمنسز، موسیقی، ڈانس اور تھیٹر پروگرامز نے حاضرین کو محظوظ کیا۔ فلسطینی سفیر نے وزیراعلیٰ سندھ اور صدر آرٹس کونسل کو فلسطینی رومال پیش کیا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے فنکاروں کو سندھی اجرک پہنائی۔ یہ تقریب سندھ کلچر ڈے کے موقع پر منعقد ہوئی اور سندھ کی ثقافتی رنگینی اور فنکارانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

