کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سندھ اسمبلی میں اعلان کیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں ہر بڑی سڑک پر پیپلز بس سروس فراہم کی جائے گی، چاہے ووٹر کسی بھی علاقے کا ہو۔ وزیر نے بتایا کہ اگلے ماہ نئی بسوں کا فلیٹ کراچی پہنچ جائے گا اور 50 ای وی بسیں اور ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پورٹ پر پہنچ چکی ہیں، جبکہ مزید 500 ای وی بسیں لانے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ شہر کے تمام علاقوں میں باقاعدہ بس سروس فراہم کی جائے اور حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں بھی سہولت پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک انتظامیہ نے اچھا کام کیا ہے، تاہم ٹریفک نظام میں مزید اصلاحات کی ضرورت ہے۔
وزیر نے بتایا کہ ٹرالر اور موٹر سائیکل کے حادثات میں ہر بار ٹرالر کا قصور نہیں ہوتا، اس لیے ٹریفک مینجمنٹ کیس بہ کیس فیصلہ کرے گی اور جس کی بھی غلطی ہو اسے سزا ملے گی۔ شرجیل میمن نے اپوزیشن کو مشورے دینے کی دعوت بھی دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرا سٹی بسیں چلانے کے لیے ٹرانسپورٹرز کو قرضے دینے کے لیے تیار ہیں اور حکومت تمام تجاویز کو کھلے دل سے سنے گی۔ وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ آئندہ ماہ ٹیکسی سروس کا آغاز بھی کیا جائے گا۔
