کراچی (اسٹاف رپورٹر): اورنگا آباد، ناظم آباد اور گرد و نواح کے رہائشی گزشتہ تین سے چار سال سے پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں۔ شہریوں نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور متعلقہ ٹاؤن انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور مسئلے کے مستقل حل کا مطالبہ کیا ہے۔
یونیورسٹی آف پشاور کے طلباء کے لیے پاک فوج کی جانب سے خصوصی تعلیمی دن کا انعقاد
علاقہ مکینوں کے مطابق، علاقے کی اصل 10 انچ پانی کی لائن پہلے باقاعدہ پانی فراہم کرتی تھی، لیکن کچھ عرصہ قبل اس لائن کو تبدیل کرکے 3H اور 3G بلاکس کی لائنوں سے جوڑ دیا گیا، جس کے نتیجے میں پانی کی صورتحال انتہائی خراب ہو گئی۔
رہائشیوں نے بتایا کہ 3H اور 3G کی لائنیں پہلے ہی گھروں، اپارٹمنٹس، ہوٹلز اور مختلف کمرشل یونٹس کو پانی فراہم کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے اورنگا آباد اور ناظم آباد کے مکین موٹر چلانے کے باوجود پانی حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔
متاثرہ مکینوں نے مطالبہ کیا کہ اورنگا آباد اور ناظم آباد کی مرکزی 10 انچ لائن کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ علاقے میں پانی کی منصفانہ اور باقاعدہ تقسیم ممکن ہو اور طویل عرصے سے جاری بحران کا خاتمہ ہو سکے۔
علاقہ مکینوں نے واٹر بورڈ حکام اور ٹاؤن چیئرمین سے اپیل کی کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی میں مشکلات کم ہو سکیں۔

