کوئٹہ — نمائندہ خصوصی حکومت بلوچستان نے صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے بیرونِ ملک موجود کالعدم تنظیموں کے سربراہان، کمانڈرز اور 300 سے زائد دہشتگرد عناصر کے خلاف انٹرپول ریڈ نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں عالمی عدالتوں میں مقدمات بھی دائر کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقد ہونے والے غیر معمولی اعلیٰ سطح اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیرونِ ملک بیٹھے دہشتگرد رہنماؤں کے مقامی سہولت کاروں سے روابط، کال ریکارڈز، مالی معاونت اور دیگر شواہد مکمل دستاویزی شکل میں موجود ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کالعدم بی ایل اے، بی آر اے، بی ایل ایف، یو بی اے، بی آر جی اور لشکر بلوچستان کے سرغنہ عناصر کے خلاف مقدمات کی پراسیکیوشن مزید تیز کی جائے گی۔ مقامی سہولت کاروں سے لے کر بیرون ملک موجود دہشتگرد سربراہان تک فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور تمام شواہد عالمی معیار کے مطابق ریکارڈ کا حصہ بنائے جائیں گے۔
حکومت بلوچستان نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
