لاہور میں پاکستان نیوی وار کالج کے زیرِ اہتمام آٹھویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ (MARSEW-8) کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈانٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی تھے جنہوں نے ورکشاپ کا افتتاح کیا۔
گلستانِ جوہر میں بااثر شخص اور گارڈز کا شہری پر تشدد، جعلی سرکاری نمبر پلیٹ کا انکشاف
ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی بحری صلاحیتوں کو بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017 میں آغاز کے بعد سے MARSEW ایک مضبوط قومی پلیٹ فارم کے طور پر ابھری ہے جو معلومات کے تبادلے اور ’’قوم کے مجموعی اشتراک‘‘ کے تصور کو فروغ دیتے ہوئے بلیو اکانومی اور بحری شعبے کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
MARSEW-8 کا مقصد بحری سلامتی کے جدید تقاضوں سے متعلق اسٹریٹیجک شعور میں اضافہ اور بلیو اکانومی سے متعلق قومی سطح پر آگاہی کو بڑھانا ہے۔ ورکشاپ میں اراکینِ پارلیمنٹ، پالیسی سازوں، سول و عسکری قیادت، ماہرین تعلیم، میڈیا نمائندگان اور کاروباری شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جا رہا ہے تاکہ شعبہ جاتی تعاون، ڈائیلاگ اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال سے متعلق پالیسی تجاویز پر غور کیا جا سکے۔
ورکشاپ 2 سے 12 دسمبر 2025 تک جاری رہے گی۔ اس دوران لاہور میں مختلف موضوعات پر لیکچرز ہوں گے، جس کے بعد شرکاء کراچی کے ساحلی علاقوں، کریکس ایریاز اور پاکستان نیوی کی اہم تنصیبات سمیت نیول ہیڈکوارٹرز، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز (NIMA) اور وزارتِ بحری امور اسلام آباد کے دورے بھی کریں گے۔ ورکشاپ میں اہم موضوعات جیسے بحری آگاہی، ساحلی ترقی، سمندری وسائل کا تحفظ، زیرِ آب انفراسٹرکچر، بین الاقوامی بحری قوانین اور قومی استحکام میں بحری شعبے کا کردار زیرِ بحث آئیں گے۔

