کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری فلمی و میڈیا پروجیکٹس، ترقیاتی کاموں کی تشہیر اور ادارے کی مجموعی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سینئر وزیر نے حکام کو ہدایت کی کہ تمام فلمی اور میڈیا پروجیکٹس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
پاکستان کا “Maritime @ 100” پروگرام — بلیو اکانومی میں 100 ارب ڈالر کے منصوبوں کا آغاز
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ فلم، ڈاکیومنٹری اور تخلیقی مواد کے ذریعے قومی بیانیہ، قومی یکجہتی، امن، رواداری اور ترقیاتی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ میڈیا کے ذریعے معاشرے میں مثبت پیغام پھیلانا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت دی کہ ایسا معیاری مواد تیار کیا جائے جو صوبے کی ثقافت، عوامی مفاد، حکومتی کارکردگی اور قومی بیانیے کو سادہ، جامع اور مؤثر انداز میں سامنے لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم اور میڈیا کے ذریعے صوبے کی تاریخ، ثقافت، سماجی مسائل اور عوامی خدمات کے مختلف شعبوں کو نمایاں طور پر پیش کیا جاسکتا ہے۔
اجلاس کے دوران نوجوان فلم سازوں اور میڈیا پروفیشنلز کو مواقع فراہم کرنے سے متعلق منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر نے کہا کہ نئی تخلیقی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لیے صوبائی حکومت متعدد اقدامات کر رہی ہے، تاکہ مثبت بیانیہ مزید مضبوط ہو۔
شرجیل انعام میمن نے حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو مؤثر طریقے سے عوام تک پہنچانے کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کی جائے۔
اجلاس میں ڈی جی اطلاعات معز پیرزادہ، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ یوسف کابورو، ڈائریکٹر ایڈمن منصور راجپوت، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ لطیف چانڈیو نے بھی شرکت کی۔
