کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشنز کیے گئے۔ صدر، گلزار ہجری، گلشنِ اقبال اور موسمیات کے علاقوں میں انسدادِ تجاوزات ٹیموں نے ناجائز قبضے، سڑکوں پر رکھے سامان اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دیں۔
کمشنر کے مطابق بلوچستان سجی گلستانِ جوہر سے کامران چورنگی تک کارروائی کرتے ہوئے تمام تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ صدر کے علاقے میں دوبارہ بڑے پیمانے پر آپریشن کے دوران دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ موسمیات کے علاقے میں بھی سڑکوں کو مکمل طور پر صاف کر کے ٹریفک کی روانی بہتر بنائی گئی۔
سید حسن نقوی نے واضح کیا کہ شہر کے بازاروں اور سڑکوں پر تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور آئندہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ عوامی آمدورفت میں رکاوٹیں پیدا نہ ہوں۔