کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے یونیسیف پاکستان کے چیف آف ہیلتھ گنٹر بوسیری نے ملاقات کی، جس میں صحت کے اہم امور اور شہر میں جاری میسلز اور روبیلا مہمات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
کمشنر کراچی کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف کارروائی، متعدد گرفتار
ملاقات میں پولیو ہیڈ آف پاکستان میڈم میلیسیا، ڈاکٹر زید، اسسٹنٹ کمشنر جنرل حاظم بھنگوار، اربن ہیلتھ کوآرڈینیٹر سبین ایاز اور یونیسیف کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
یونیسیف کے چیف آف ہیلتھ نے کمشنر کراچی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ شہر میں روبیلا و خسرہ مہم مؤثر انداز میں جاری ہے۔ کمشنر کراچی نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ٹیمیں مہم میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔
اس موقع پر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ نے یونیسیف کو مہم کی پیش رفت اور اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے کہا کہ دنیا بھر میں MR ویکسین (Measles & Rubella) محفوظ اور مؤثر مانی جاتی ہے، اور بروقت ویکسینیشن، آگاہی اور احتیاطی تدابیر سے بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ اپنے بچوں کی ویکسینیشن لازمی کروائیں کیونکہ روبیلا ایک متعدی بیماری ہے جو بچوں کو زیادہ متاثر کرتی ہے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ شہر میں صحت مہمات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔

