این اے-96 فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیرمملکت طلال چوہدری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 24 نومبر کو طلب کر لیا ہے۔ تشکر نیوز کے مطابق طلال چوہدری پر انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرنے کا الزام ہے، جو کوڈ آف کنڈکٹ کی صریح خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
عدالتی حکم کے باوجود سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات نہ ہوسکی عمران خان کی بہنوں سے بدسلوکی پر خیبرپختونخوا وزیراعلیٰ کا مریم نواز کو خط
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے این اے-185 ڈیرہ غازی خان میں وزرا کی مبینہ موجودگی سے متعلق میڈیا رپورٹس کا بھی نوٹس لے لیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معاون خصوصی وزیراعظم حذیفہ رحمان اور وفاقی وزیر اویس لغاری کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 نومبر کو وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے مطابق حلقے میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد جاری ہے، جب کہ انتخابی سرگرمیوں کی مختلف ذرائع سے کلوز مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے واضح کیا کہ کسی وزیر یا مشیر کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا اور شفاف، غیر جانبدار انتخابات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
