کراچی: پہلی بار منعقد ہونے والے دو روزہ نیول میڈیسن سیمینار 2025 کا افتتاحی سیشن کراچی میں ہوا۔ یہ سیمینار بحری طبی سہولیات اور میری ٹائم میڈیکل سپورٹ کے شعبے میں علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ سیمینار پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام ویسٹرن پیسیفک نیول سمپوزیم کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں 28 ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی مندوبین شریک ہیں۔
کورنگی میں روزانہ ٹارگیٹڈ کومبنگ آپریشن؛ چکرا گوٹھ میں سرچ، 42 افراد کی بایومیٹرک تصدیق
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل میڈیکل سروسز (نیوی) سرجن ریئر ایڈمرل رضوان صادق نے پاک بحریہ کی طبی شعبے میں اعلیٰ معیار، انسانی ہمدردی پر مبنی معاونت اور علم کے تبادلے کے ذریعے بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ کے عزم کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں، کمانڈنٹ پی این ایس شفا نے سیمینار کے موضوع کا تعارف کراتے ہوئے جدید بحری طبی خدمات کی تشکیل میں جدت، مؤثر قیادت اور مضبوط پیشہ ورانہ عزم کی اہمیت پر زور دیا۔
سیمینار کے پہلے روز کے سیشنز میں پیشہ ورانہ مباحثے ہوئے، جن میں شرکاء نے جدید بحری طبی خدمات اور آپریشنل میڈیکل سپورٹ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
نیول میڈیسن سیمینار 2025 نیول میڈیسن، پریوینٹیو ہیلتھ کیئر، اور سمندر میں میڈیکل ریڈینس کے لیے خیالات، تجربات اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے، جو علاقائی بحری افواج کے مابین پیشہ ورانہ تعاون اور ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرے گا۔

