کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہرِ قائد میں ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر پولیس نے ایک ڈمپر کے مالک کو کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا ای چالان جاری کردیا۔ پولیس کے مطابق گاڑی میں ٹریکر نصب نہ ہونے اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر سڑک پر چلنے کے باعث ڈمپر کے مالک کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح رزاق آباد کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے حادثہ پیش آیا جس کے بعد گاڑی کے کاغذات اور ٹیکنیکل سہولیات کی جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ڈمپر نہ تو ٹریکر سے آراستہ تھا اور نہ ہی اس کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ موجود تھا۔ حادثے کا مقام پورٹ قاسم چورنگی کے قریب بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ڈمپر کے مالک شیر زادہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، انہیں ایک لاکھ روپے کا ای چالان جاری کرنے کے ساتھ ساتھ مقدمے کی ایف آئی آر میں بھی نامزد کرلیا گیا ہے۔ مزید برآں ڈمپر ڈرائیور کا ڈرائیونگ لائسنس تین ماہ کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق اگر جرمانہ 14 روز کے اندر ادا کیا جائے تو ملزم کو نصف رقم ادا کرنی ہوگی، جو ٹریفک قوانین کے تحت دی گئی رعایت کا حصہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھاری گاڑیوں کے باعث حادثات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے ٹریکر، فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر لازمی دستاویزات نہ رکھنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
