کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ملیر ایکسپریس وے کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملیر، ڈپٹی کمشنر کورنگی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران کمشنر کو تعمیراتی پیش رفت، درپیش رکاوٹوں اور منصوبے کی تکمیل کے شیڈول سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
کمشنر کراچی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ملیر ایکسپریس وے کے تمام تعمیراتی مراحل کو ہر صورت رفتار دی جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم میگا پروجیکٹ ہے جو کراچی کے ٹریفک نظام میں نمایاں بہتری لائے گا اور شہریوں کو جدید، تیز رفتار اور محفوظ سفری سہولت فراہم کرے گا۔
سید حسن نقوی کے مطابق ملیر ایکسپریس وے 39 کلومیٹر طویل منصوبہ ہے، جو کے پی ٹی انٹرچینج سے شروع ہو کر قیوم آباد کے قریب سے گزرتا ہوا دریائے ملیر کے کنارے کاٹھور کے قریب کراچی–حیدرآباد موٹروے (M-9) سے منسلک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے شہر کے جنوبی اور مشرقی علاقوں کو ایک مؤثر متبادل روٹ فراہم ہوگا جس سے ٹریفک دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔ معائنے کے دوران کمشنر نے مختلف مقامات پر تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ کسی بھی مرحلے پر معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

