اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ کرنے کے لیے ہمارے فیلڈ مارشل نے خود سری لنکا کے ڈیفنس منسٹر اور سیکرٹری سے بات کی۔
شاہ لطیف پولیس کی کارروائی، اسٹریٹ کرائمز کے 4 ملزمان گرفتار
پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سری لنکن ٹیم کی پاکستان میں قیام کے حوالے سے زیادہ تشویش تھی، جس کے تمام خدشات دور کیے گئے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سری لنکن اتھارٹی کو یقین دہانی کرائی گئی کہ پاکستان آرمی، رینجرز اور پولیس سکیورٹی سنبھالے ہوئے ہیں، جس کے بعد سری لنکن صدر نے اپنی ٹیم سے بات کر کے انہیں کھیلنے پر آمادہ کیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ سری لنکن بورڈ اور کھلاڑیوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں کھیلنے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے سری لنکن صدر، حکومت، بورڈ اور کھلاڑیوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ نے فیصلہ کھلاڑیوں پر چھوڑ دیا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ وانا اور اسلام آباد میں حالیہ واقعات میں افغان شہری ملوث تھے، جو افغانستان سے آئے اور ان واقعات میں شامل ہوئے۔ اس معاملے کو حکومت کی سطح پر دیکھ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کے بقیہ دو ون ڈے میچز اور بعد میں سہ ملکی سیریز کے لیے یہاں موجود ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے کل راولپنڈی میں شیڈول ہے۔
