اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) کے ڈائریکٹر جنرل گرائم بیگر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، منشیات، انسانی سمگلنگ، فرانزک، امیگریشن اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے انسداد منشیات اور این سی سی آئی اے کے افسران کے تربیتی کورسز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اسی طرح، بچوں کی آن لائن ہراسانی کے سدباب کے لیے مؤثر کوآرڈینیشن کو بڑھانے اور ایکسٹراڈیشن کے حوالے سے دوطرفہ معاونت کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ محض کچھ دنوں میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان پانچ ایم او یوز کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ملاقات کے دوران ڈی جی این سی اے نے اسلام آباد میں حالیہ خودکش حملے کی مذمت کی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے تمام تانے بانے اکثر ہمسایہ ملک سے جڑے ہوتے ہیں، اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عزم و استقامت کی عالمی مثال قائم کی ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ جدید فرانزک اور تربیتی پروگرامز سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت میں اضافہ ممکن ہے، اور اپسکیل کے تعاون سے غیر قانونی امیگریشن روکنے کے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈی جی برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی گرائم بیگر نے انسداد منشیات کے ضمن میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ برطانیہ حکومت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گی۔
