جہلم: 45ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن (PARA) کے مرکزی اجلاس کی اختتامی تقریب آرمی مارکس مین شپ یونٹ (AMU) جہلم میں منعقد ہوئی، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، NI (M) HJ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، 20 ملزمان گرفتار
45ویں PARA سنٹرل میٹ 2025 کا انعقاد یکم اکتوبر سے 10 نومبر تک کیا گیا، جس میں پاکستان آرمی، ایئر فورس، نیوی، سول آرمڈ فورسز، اور چاروں صوبوں سمیت فیڈرل رائفل ایسوسی ایشنز کے دو ہزار سے زائد شوٹرز نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ اپنی نشانہ بازی کی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
پاک آرمی نے تمام چار انٹر سروسز میچز میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے تیسری انٹر سروسز کمبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 جیت لی۔ پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ مہارت کے گروپ-I میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سپاہی محمد عرفان نے “ماسٹر ایٹ آرمز” کا اعزاز اپنے نام کیا۔ آرمی مارکس مین شپ یونٹ کے نائب صوبیدار عمر فاروق نے “آرمی ہنڈریڈ رائفل میچ ٹرافی” جیت لی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے شرکاء کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ “شوٹنگ میں مہارت حاصل کرنا فوجی تربیت کا بنیادی مقصد رہنا چاہیے۔”
بعد ازاں، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملٹری کالج جہلم (MCJ) کی صد سالہ تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے صد سالہ یادگار اور کالج میوزیم کا افتتاح کیا، جس میں ادارے کے سو سالہ شاندار ورثے کو اجاگر کیا گیا۔ آرمی چیف نے قیادت، نظم و ضبط اور حب الوطنی کے فروغ میں ادارے کے کردار کو سراہا اور یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
تقریب میں آمد پر کمانڈر راولپنڈی کور اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن (IGT&E) نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

