کراچی: صوبائی وزیرِ بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائیدار توانائی کے حل کی اشد ضرورت ہے، اور ایسٹن انرجی کا وژن اس ضرورت کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وہ مقامی ہوٹل میں ایسٹن انرجی کی نئی پروڈکٹ "میورکس 2.0” کی لانچنگ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
تقریب میں رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، معروف اداکار جاوید شیخ، متعدد سفارتکاروں، صنعتکاروں، تاجروں اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایسٹن انرجی کے سی ای او عبد الرحمن نے کہا کہ ایسٹن انرجی پاکستان کی صفِ اوّل کی قابلِ اعتماد سولر کمپنی ہے، جو مینوفیکچرنگ، امپورٹ، ٹریڈنگ اور انسٹالیشن کے شعبوں میں سرگرمِ عمل ہے۔ کمپنی نے معیار، جدت اور اعتماد کے ذریعے مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسٹن انرجی نے اب تک ملک بھر میں صنعتی اداروں، مساجد، اسپتالوں، جامعات، اسکولوں اور گھریلو صارفین کے لیے کامیابی سے سولر سسٹمز نصب کیے ہیں۔ کمپنی کا مقصد پاکستان کے ہر شہر اور گاؤں میں صاف، سستی اور پائیدار توانائی فراہم کرنا ہے۔
عبد الرحمن نے مزید بتایا کہ ایسٹن انرجی نے جدید دور کی ضروریات کے مطابق "میورکس 2.0” نامی ایک نئی اور اعلیٰ معیار کی لیتھیم بیٹری متعارف کروائی ہے جو سولر انرجی سسٹمز کو زیادہ مؤثر اور قابلِ اعتماد بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسٹن انرجی کا عزم ہے کہ پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکالنے کے لیے پائیدار، ماحول دوست اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی حل فراہم کیے جائیں۔
ٹیگز:
