کراچی: پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کے دوسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے اعزازی مہمان سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز جناب صالح الجاسر تھے جبکہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مہمانانِ گرامی کا پرتپاک استقبال کیا۔
اپنے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا بحری شعبہ قومی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بلیو اکانومی کے فروغ اور عوامی سطح پر بحری شعور بیدار کرنے کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ مہمانِ خصوصی نے ایکسپو کا باضابطہ افتتاح کیا، یادگاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کی اور مختلف نمائش کنندگان کے اسٹالز کا دورہ بھی کیا۔
یہ چار روزہ ایونٹ پاک بحریہ کی جانب سے وزارتِ بحری امور کی سرپرستی میں منعقد کیا جا رہا ہے، جو 6 نومبر 2025 تک جاری رہے گا۔ اس ایکسپو میں 44 ممالک کے وفود اور 178 بین الاقوامی و ملکی نمائش کنندگان شریک ہیں، جو پاکستان کے بحری شعبے میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی کا مظہر ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کا مقصد قومی و بین الاقوامی سطح پر بحری شعور بڑھانا اور پاکستان کی بلیو اکانومی میں موجود بے پناہ وسائل و مواقع کو اجاگر کرنا ہے۔
تقریب میں سول و عسکری قیادت، بین الاقوامی نمائندگان، صنعت و تجارت سے وابستہ ماہرین اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

