پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے کنواری کالونی منگھوپیر روڈ سے فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کراچی: ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی کارروائیاں، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث 7 خطرناک ملزمان گرفتار
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت زید اللہ عرف زیدو، نور زادہ اور حضرت عثمان کے ناموں سے ہوئی ہے، جو خوارجی امیر شمس القیوم عرف زاویل عرف زعفران کے قریبی ساتھی ہیں۔
دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ علاقے کے شہریوں کے فون نمبر شمس القیوم کو فراہم کرتے تھے، جو بعد ازاں اُن نمبرز پر بھتہ وصولی کے لیے کال کیا کرتا تھا۔
ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ وہ کنواری کالونی میں منشیات فروشوں سے بھتہ وصولی اور لینڈ گریبنگ میں بھی ملوث رہے ہیں۔
رینجرز کے مطابق ملزم نور زادہ کا بھائی خان زادہ عرف حنظلہ اور ملزم حضرت عثمان کا بھائی عمر خطاب بھی فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب کارندے تھے، جو بعد میں مقابلے میں مارے گئے۔
جبکہ ملزم زید اللہ عرف زیدو کو تھانہ ایکسائز کورنگی اور اے این ایف کو بھی مطلوب تھا۔
گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جرائم پیشہ اور شدت پسند عناصر کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ ترجمان نے یقین دلایا کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
