کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے پیپلزپارٹی سے حمایت مانگی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کا وفد صدر آصف علی زرداری اور ان سے ملاقات کے لیے آیا، جس میں مجوزہ آئینی ترمیم پر بات چیت کی گئی۔
بلاول بھٹو کے مطابق مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم میں
-
آئینی عدالت کا قیام،
-
ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی بحالی،
-
ججوں کے تبادلے کا اختیار،
-
این ایف سی ایوارڈ میں صوبائی حصے کے تحفظ کا خاتمہ
اور آرٹیکل 243 میں ترمیم جیسے نکات شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ترمیم میں تعلیم اور آبادی کی منصوبہ بندی کے اختیارات وفاق کو واپس دینے اور الیکشن کمیشن کی تقرری کے معاملے پر جاری تعطل ختم کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (CEC) کا اجلاس 6 نومبر کو صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی دوحہ سے واپسی پر طلب کیا گیا ہے، جس میں پارٹی کی پالیسی پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
