وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں نیشنل گیمز 2025 کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے وزرا، اعلیٰ حکام اور کھیلوں سے متعلق اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی، درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان
ترجمان کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ، وزیر کھیل محمد بخش خان مہر (ویڈیو لنک کے ذریعے)، وزیر منصوبہ بندی و ترقی جام خان شورو، وزیر ثقافت ذوالفقار شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور مختلف محکموں کے سیکریٹریز شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس کے دوران اعلان کیا کہ 35ویں نیشنل گیمز 6 سے 13 دسمبر 2025 تک کراچی میں منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز 18 سال کے وقفے کے بعد ہورہے ہیں، اس لیے ان کا انعقاد شایانِ شان انداز میں ہونا چاہیے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ نیشنل گیمز کا آغاز 1948 میں کراچی سے ہوا تھا، اور آٹھواں ایڈیشن بھی کراچی ہی میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس بار ملک بھر سے 6 ہزار ایتھلیٹس مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گیمز کی افتتاحی تقریب 6 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی، جبکہ اختتامی تقریب 13 دسمبر کو منعقد کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ افتتاحی تقریب ایسی ہونی چاہیے جو ہمیشہ یاد رکھی جائے۔
انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت دی کہ نیشنل گیمز کے انتظامات بہترین انداز میں کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ گیمز میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی، جبکہ پاکستان آرمی، ائیرفورس، نیوی، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، پولیس، ریلوے اور واپڈا سمیت مختلف اداروں کی ٹیمیں بھی شریک ہوں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبوں کی 2800 ٹیمیں حصہ لیں گی اور 35ویں نیشنل گیمز میں 32 کھیل شامل کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے میئر کراچی اور کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ شہر میں انتظامات کو بہتر سے بہتر بنایا جائے، جبکہ پولیس کو سیکیورٹی کے جامع انتظامات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
