محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔
سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ، فی تولہ 1300 روپے مہنگا
محکمہ کے مطابق 4 نومبر سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے شمالی حصوں میں داخل ہوگا جو 5 نومبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ یہ سلسلہ مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک اور پہاڑوں پر برفباری کا سبب بنے گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش متوقع ہے، جبکہ صوابی، پشاور، مردان، کوہاٹ، کشمیر اور مظفرآباد میں بارش اور بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم اور سرگودھا میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مزید برآں، خوشاب، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ناروال اور لاہور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران درجہ حرارت میں واضح کمی متوقع ہے، جبکہ اسموگ اور دھند میں کمی آنے کی امید ہے۔
