قومی ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ کپتانی دینا یا واپس لینا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا اختیار ہے، کھلاڑیوں کا اصل کام میدان میں بہترین کرکٹ کھیلنا ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کل فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں شاہین شاہ آفریدی اور میتھیو بریٹزی نے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی۔
احسن اقبال: گرین لائن فیز 2 پر کے ایم سی کے تحفظات دور کریں گے، منصوبہ جلد بحال ہوگا
میچ سے قبل قومی ٹیم نے فیصل آباد میں بھرپور پریکٹس کی، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقوں میں حصہ لیا۔
پریس کانفرنس کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی قیادت اعزاز کی بات ہے، نئی ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھانے کی کوشش کروں گا اور فرنٹ سے لیڈ کرنے کی پوری کوشش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں 17 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، تمام کھلاڑی پرجوش اور پُرامید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ ایک مضبوط ٹیم ہے جو اچھی کرکٹ کھیلتی آرہی ہے، تاہم پاکستانی ٹیم بھی اچھی فارم میں ہے اور ٹی20 سیریز میں کارکردگی نے اعتماد بڑھایا ہے۔
کپتانی سے متعلق سوال پر شاہین نے کہا کہ “مجھے پہلے ہٹایا گیا یا اب بنایا گیا، یہ پی سی بی کا فیصلہ ہے، ہمارا کام کرکٹ کھیلنا ہے۔”
بابراعظم سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کی فارم میں واپسی خوش آئند ہے، وہ پاکستان کے لیے کئی سالوں سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور بڑے کھلاڑی ہیں۔
دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان میتھیو بریٹزی نے کہا کہ فیصل آباد کی کنڈیشنز ہمارے لیے نئی ہیں کیونکہ یہاں زیادہ کرکٹ نہیں ہوئی، لیکن ہم جلد حالات سے مطابقت پیدا کرلیں گے۔
