کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے حمایت یافتہ 32 منحرف ارکان سے باضابطہ لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری ارسلان خالد کی جانب سے میئر کراچی کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ان 32 ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کی جا چکی ہے۔
خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ ارکان کا اب تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں آزاد حیثیت میں تصور کیا جائے۔ خط میں شامل ناموں میں اسد امان، صلاح الدین اسرار، امجد علی، عاصم حیدر، اسلم نیازی، صنوبر فرحان، زبیر موسی، عبدالغنی، عزیزاللہ اور فرحان خان سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے میئر کراچی سے درخواست کی گئی ہے کہ سرکاری خط و کتابت یا عوامی حلقوں میں ان منحرف ارکان کو تحریک انصاف سے منسوب نہ کیا جائے۔ پارٹی ترجمان کے مطابق یہ قدم کسی بھی قسم کی غلط فہمی سے بچنے اور پارٹی موقف کو واضح رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
