کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے کراچی کے بعد حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی طالبات اور خواتین کے لیے اسکوٹی ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی کا میئر کراچی کے حمایت یافتہ 32 منحرف ارکان سے لاتعلقی کا اعلان
یہ اعلان صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کنول نظام بھٹو اور دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ نئے پروگرام کے تحت نجی کمپنی کے اشتراک سے خواتین اور طالبات کو اسکوٹیز چلانے کی تربیت دی جائے گی، جبکہ ٹریننگ مکمل کرنے والی خواتین کو مفت ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جائے گا تاکہ انہیں کسی مالی بوجھ کا سامنا نہ ہو۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ کے مزید تین اضلاع میں پیپلز بس سروس کے نیٹ ورک کو وسعت دی جائے گی، جبکہ یلو لائن بی آر ٹی کے اہم حصے تاج حیدر پل کو مکمل کر کے عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ گلشن معمار تا ٹاور ای وی بسوں پر مشتمل نیا روٹ جلد شروع کیا جائے گا، جو شہریوں کو جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ خیرپور، شکارپور اور نوشہروفیروز میں بھی بیس نئی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کی نئی کھیپ جلد کراچی پہنچ رہی ہے، جبکہ دسمبر میں ای وی ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں تیس پنک ای وی ٹیکسیوں کے لیے خواتین ڈرائیورز کی تربیت شروع کی جائے گی تاکہ خواتین کو روزگار کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
