کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ضلع کورنگی میں “عوامی تھانہ” کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی کورنگی اور دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔
اس موقع پر وزیرِ داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی تھانوں کا قیام پولیس اصلاحات کے سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے جس کا مقصد عوام کو شفاف، مؤثر اور بااعتماد پولیس سروسز فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کراچی کا دوسرا عوامی تھانہ ہے، اس سے قبل تھانہ شارع فیصل کا افتتاح کیا جا چکا ہے۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو انصاف کی فراہمی آسان بنانے، تھانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور پولیس نظام میں جدت اور شفافیت لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اس موقع پر کہا کہ تھانہ عوامی کالونی کا قیام ضلع کورنگی کے عوام کی ضرورت اور وقت کا تقاضہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کا مقصد شہریوں کو صاف ستھرے، باعزت اور سہولت یافتہ ماحول میں انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے تاکہ تھانہ کلچر کو مثبت سمت میں بدلا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کے وژن کے مطابق پولیس نے تھانہ کلچر میں بہتری کے لیے مختلف سیشنز، ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد کیا ہے، جبکہ مزید 40 نئے تھانوں کے قیام پر غور جاری ہے جو اگلے مرحلے میں مکمل کیے جائیں گے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے تقریب کے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جدید، آسان اور عوام دوست پولیسنگ کے لیے تھانوں کو بنیادی سہولیات اور جدید نظام سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے تاکہ عوامی مسائل کا فوری اور شفاف حل ممکن ہو۔

