اسلام آباد / ریاض (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور سعودی عرب نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کے ساتھ اقتصادی تعاون کا فریم ورک لانچ کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان ریاض میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کے بعد جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے میں کیا گیا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تاریخی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ نئے فریم ورک کے تحت اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر جامع بات چیت کی جائے گی۔ توانائی، صنعت، کان کنی، آئی ٹی، سیاحت، زراعت اور فوڈ سیکیورٹی کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بجلی کی ترسیل کے منصوبے پر مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تیاری جاری ہے، جبکہ توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی ایک الگ مفاہمتی یادداشت پر کام ہورہا ہے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کے قیام کے خواہاں ہیں، اور دونوں رہنما سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے آئندہ اعلیٰ سطح اجلاس کے منتظر ہیں تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے۔
