کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی ایسٹ کی قائم کردہ کرائم کنٹرول سینٹر (CiC) ملیر پولیس نے شرافی گوٹھ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران بدنامِ زمانہ جواری انور عرف کپڑے والا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نہ صرف جوئے کے دھندے میں سرگرم تھا بلکہ شہر میں منشیات کی سپلائی کے نیٹ ورک کا بھی حصہ بتایا جاتا ہے۔
افغان ٹرانزٹ اسمگلنگ: معیشت لٹ رہی ہے، قومی سلامتی کو بھی خطرہ
ذرائع کے مطابق کارروائی معین آباد خٹک اسپتال کے سامنے کی گئی، جہاں جوئے سٹے کا بڑا اڈہ چلایا جا رہا تھا۔ پولیس کی اچانک چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم کے ساتھیوں نے سخت مزاحمت کی تاہم پولیس نے حکمتِ عملی کے تحت مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ انور عرف کپڑے والا ملیر کے مختلف علاقوں میں جوئے کے نیٹ ورک کے ساتھ ساتھ گلستانِ جوہر میں قائم اپنے خفیہ اڈے سے منشیات کی سپلائی کا بھی انتظام کرتا تھا۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کے لیے اسے کرائم کنٹرول سینٹر (CiC) ملیر کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں اور کسی بھی علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
