اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
سائٹ سپر ہائی وے میں پولیس کا مؤثر کومبنگ آپریشن، 2 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں مجموعی طور پر 175.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جس کی مالیت 1 کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
پہلی کارروائی میں سدھار بائی پاس فیصل آباد روڈ کے قریب ایک گاڑی سے 126 کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری کارروائی میں جبلِ نور بس اسٹینڈ کوئٹہ کے قریب ایک رکشے سے 45 کلوگرام چرس برآمد کر کے تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
تیسری کارروائی مندرہ ٹول پلازہ جی ٹی روڈ راولپنڈی کے قریب کی گئی، جہاں ایک گاڑی سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
