پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ گولز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا، تاہم ہنگری نے اسٹاپیج ٹائم میں گول کرکے میچ 2-2 سے برابر کردیا اور پرتگال کی قبل از وقت ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفکیشن کی امیدوں کو مؤخر کردیا۔
اسپین نے بلغاریہ کو 0-4 سے ہرا کر ورلڈ کپ 2026 کے لیے ایک اور قدم قریب کرلیا
میچ کے آغاز میں ہنگری کے ڈیفنڈر اٹیلا سزالائی نے آٹھویں منٹ میں کارنر پر شاندار ہیڈر کے ذریعے میزبان ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم رونالڈو نے نیلسن سیمیڈو کی کراس پر 18ویں منٹ میں گیند جال میں پہنچا کر نہ صرف میچ برابر کیا بلکہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ میں اپنا 40واں گول اسکور کرکے گوئٹے مالا کے کارلوس روئز کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
پہلے ہاف کے اختتام سے قبل رونالڈو نے ایک اور شاندار موقع پر نونو مینڈس کی کراس پر گیند جال میں پہنچا کر پرتگال کو 1-2 کی برتری دلا دی۔ یہ ان کا 143واں بین الاقوامی گول تھا — جو کسی بھی کھلاڑی کے لیے اب تک کا سب سے زیادہ ریکارڈ ہے۔
دوسرے ہاف میں ہنگری نے بھرپور مزاحمت کی اور کئی مواقع ضائع کیے۔ پرتگال کے کوچ رابرٹو مارٹینیز نے میچ کے آخری لمحات میں رونالڈو کو آرام دینے کے لیے باہر بلایا، مگر ٹیم اپنی برتری برقرار نہ رکھ سکی۔
اضافی وقت میں لیورپول کے مڈفیلڈر ڈومینک سوبوسزلائی نے ڈینیئل لوکاک کے کراس پر فیصلہ کن گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔
میچ کے بعد رونالڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "X” پر پیغام میں کہا، “ہم اپنے مقصد کے قریب پہنچ رہے ہیں، چلو پرتگال!”
کوچ رابرٹو مارٹینیز نے اعتراف کیا کہ “ہم نے آخری 10 منٹ میں کھیل کو صحیح طریقے سے منظم نہیں کیا۔ اگر آپ برتری ختم نہیں کرتے تو کم از کم اسے بچانا سیکھنا پڑتا ہے۔”
ہنگری کے کپتان سوبوسزلائی نے کہا، “مجھے پوری ٹیم پر فخر ہے، ہم نے آخری لمحات تک لڑائی جاری رکھی اور نتیجہ حاصل کیا۔”
پرتگال گروپ F میں 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ ہنگری پانچ پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
