پارا چنار (نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا کے ضلع کُرم میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، جس کا پاک فوج نے بھرپور اور شدید جواب دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ان کی چوکیوں پر آگ بھڑک اٹھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کا ایک ٹینک تباہ ہوگیا جبکہ عسکریت پسند اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
مزید بتایا گیا کہ کُرم سیکٹر میں افغان طالبان کی ایک اور پوسٹ اور ٹینک پوزیشن بھی تباہ کردی گئی۔ فرار کے دوران افغان طالبان اپنی کئی لاشیں بھی موقع پر چھوڑ گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی علاقے میں صورتحال پاک فوج کے مکمل کنٹرول میں ہے، اور کسی بھی نئی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے مستعدی برقرار رکھی گئی ہے۔