کراچی (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کی ہدایت پر قائم کردہ کرائم انویسٹی گیشن سیل (CIC) نے ناظم آباد کے علاقے اقبال مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو لوٹنے والے ملزم دانیال کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کے مطابق ملزم کے ساتھی کی تلاش جاری ہے جو واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا۔ گرفتار ملزم اور اس کے ساتھی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں دونوں ملزمان کو خواتین سے نقدی، موبائل فونز اور طلائی زیورات چھین کر فرار ہوتے دیکھا گیا تھا۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے بتایا کہ فوٹیج کی مدد سے ملزم دانیال کی شناخت اور گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینے گئے موبائل فون برآمد کرلیے ہیں۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس اس کے نیٹ ورک اور ساتھیوں کی تلاش کے لیے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

