کراچی (اسٹاف رپورٹر): وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی والدہ محترمہ کے انتقال پر رسمی تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف ممالک کے 14 قونصل جنرلز نے صوبائی وزیر داخلہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کر کے اظہارِ افسوس اور تعزیت کی۔
تعزیتی ملاقات کے لیے آنے والوں میں چین، سعودی عرب، روس، ترکی، دبئی، قطر، جرمنی، عمان، کوریا، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، سری لنکا، عراق اور مراکش کے قونصل جنرلز شامل تھے۔
قونصل جنرل چین نے کہا کہ ماں اس دنیا میں عزت، وقار اور تعظیم کا پیکر ہے۔
قونصل جنرل سعودی عرب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
قونصل جنرل روس نے کہا کہ آپ کی والدہ مرحومہ کے انتقال پر دل کی گہرائیوں سے تعزیت کرتا ہوں۔
قونصل جنرل ترکی کے مطابق ماں جیسی عظیم ہستی کا دارِ فانی سے کوچ کرجانا ناقابلِ تلافی سانحہ ہے۔
قونصل جنرل دبئی نے کہا کہ یہ دکھ کی گھڑی ہم سب کے لیے بھی ایک بڑا صدمہ ہے۔
قونصل جنرل قطر نے مرحومہ کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔
اسی طرح قونصل جنرلز جرمنی، عمان، کوریا، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، سری لنکا، عراق اور مراکش نے بھی ماں کی عظمت اور شفقت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر داخلہ سے تعزیت کی اور مرحومہ کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:
"میں دکھ اور رنج کی اس گھڑی میں آپ تمام کی آمد، تعزیت اور دعاؤں کا انتہائی مشکور و ممنون ہوں۔”
