راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت سمیت 11 شہداء کی نمازِ جنازہ چکلالہ میں ادا کر دی گئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ شہداء اورکزئی میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہوئے۔ شہداء کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
سپہ سالار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہر قیمت پر وطن کا دفاع یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستان کی بقا اور سلامتی کی ضمانت ہیں۔
