کراچی (اسٹاف رپورٹر) انوش فانڈیشن نے پینے کے صاف پانی کی کمی کو دور کرنے کے لیے شہر کے پسماندہ علاقوں میں دو سبمرسیبل واٹر پمپ نصب کیے ہیں۔ یہ منصوبہ معروف بزنس مین اور سماجی کارکن انوش احمد کی جانب سے اپنے والد مرحوم ندیم محمد احمد کے ایصالِ ثواب کے لیے صدقہ جاریہ کے طور پر مکمل کیا گیا، جس پر کل لاگت تقریباً 6 لاکھ 50 ہزار روپے آئی۔
منصوبے سے روزانہ تقریباً 200 افراد کو پینے کا صاف پانی میسر ہوگا، جس سے ان گھروں کو نمایاں ریلیف ملے گا جہاں پانی کی قلت روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔
انوش احمد نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد مذہب، مسلک یا علاقے کی تفریق کے بغیر انسانی ضرورت پوری کرنا ہے، جو کراچی کی مشترکہ حقیقتوں اور ہر گھرانے کی عزتِ نفس کا عکاس ہے۔
پہلا مقام: نارتھ کراچی سیکٹر ایچ الیون (سینٹ جوزف چرچ کے قریب، مسیحی برادری)
یہ علاقہ گزشتہ 15 سال سے پانی کی سطح نیچے جانے کے باعث شدید قلت کا شکار تھا۔ منصوبے کے تحت 350 فٹ گہرا اور 8 انچ قطر کا بور کرایا گیا، جس میں پائیدار سبمرسیبل پمپ نصب کیا گیا۔ پانی کی فراہمی کے لیے 1000 لیٹر ٹینکی، نلکے اور مکمل پلمبنگ سسٹم بھی بنایا گیا۔ افتتاح ریورنڈ فادر واریئر ولسن گوری نے کیا، جہاں انوش احمد اور ان کے مرحوم والد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
دوسرا مقام: المدینہ کالونی، سیکٹر 11 اورنگی ٹاؤن (مسلم علاقہ)
یہاں میونسپلٹی کا پانی صرف ماہ میں ایک بار محدود وقت کے لیے دستیاب ہوتا ہے، جس کے باعث مقامی افراد کو مہنگے داموں پانی خریدنا پڑتا تھا۔ نئے پمپ کی بدولت اب مکین روزانہ صاف پانی حاصل کر سکیں گے، جس سے ان کے اخراجات اور وقت دونوں کی بچت ہوگی۔
انوش فانڈیشن نے بتایا کہ منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں میں پائیداری اور آسان مرمت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ آنے والے مہینوں میں پانی کے استعمال کی نگرانی اور مقامی آبادی کو سادہ دیکھ بھال کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ نظام طویل عرصے تک مؤثر انداز میں چلتا رہے۔

