اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) — اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 بڑی کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 62.989 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جس کی مالیت 49 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
تعلیمی اداروں کے اطراف کارروائی:
رنگ روڈ پشاور کے قریب کارروائی میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فراہم کرتے تھے۔
ایئرپورٹ کارروائی:
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے سامان سے 1.5 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس پر مسافر کو گرفتار کر لیا گیا۔
حیدرآباد کارروائی:
حیدرآباد میں مسافر بس میں سوار دو افراد کے سامان سے پیپر رولرز کے اندر چھپائی گئی 57.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

