2025 میں شدت پسندی کے واقعات، 9 ماہ میں ہلاکتیں 2024 کے قریب، سال دہائی کا سب سے خونریز ثابت ہوسکتا ہے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) — پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پکس) اور سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (سی آر ایس ایس) کی رپورٹس کے مطابق ستمبر 2025 میں شدت پسندی کے واقعات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، تاہم مجموعی طور پر رواں سال کے ابتدائی 9 ماہ 2024 جتنے ہی خونریز ثابت ہوئے ہیں۔ اگر یہی رجحان جاری رہا تو 2025 گزشتہ دہائی کا سب سے ہلاکت خیز سال بن سکتا ہے۔

ڈی جی ایس بی سی اے مزمل حسین ہالیپوٹو کا سنگل ونڈو فسیلٹی کاؤنٹر کا دورہ، 99 فیصد بلڈنگ پلانز کی بروقت منظوری پر اطمینان

پکس کے مطابق ستمبر میں شدت پسندوں نے 69 حملے کیے جو اگست کے 143 حملوں کے مقابلے میں 52 فیصد کمی ہے۔ ان حملوں میں 135 افراد جاں بحق اور 173 زخمی ہوئے جبکہ دہشت گردوں نے 27 افراد کو اغوا کیا۔ مرنے والوں میں 61 سیکیورٹی اہلکار، 54 شہری اور 20 دہشت گرد شامل تھے۔

خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا جہاں 45 حملوں میں 54 افراد جاں بحق اور 49 زخمی ہوئے۔ صوبے کے مرکزی اضلاع میں 25 حملوں کے نتیجے میں 33 افراد لقمہ اجل بنے جن میں 20 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل تھے۔ قبائلی اضلاع میں 20 حملوں میں 21 افراد ہلاک ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائیوں میں 83 شدت پسند مارے گئے۔

بلوچستان میں 21 حملوں میں 79 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں 33 سیکیورٹی اہلکار اور 38 شہری شامل تھے، جبکہ 122 افراد زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے 7 بڑے آپریشنز میں 26 شدت پسندوں کو ہلاک کیا۔ سندھ میں 3 حملے ہوئے جن میں 2 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے۔

سی آر ایس ایس کے مطابق 2025 کی تیسری سہ ماہی میں 329 پرتشدد واقعات میں کم از کم 901 افراد لقمہ اجل بنے اور 599 زخمی ہوئے۔ صرف 9 ماہ میں 2414 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئیں جبکہ پورے 2024 میں یہ تعداد 2546 تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو 2025 نہ صرف 2024 کو پیچھے چھوڑ دے گا بلکہ گزشتہ دہائی کے سب سے زیادہ خونریز برسوں میں شمار ہوگا۔

61 / 100 SEO Score

One thought on “2025 میں شدت پسندی کے واقعات، 9 ماہ میں ہلاکتیں 2024 کے قریب، سال دہائی کا سب سے خونریز ثابت ہوسکتا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!