غزہ (عرب میڈیا) — اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ نصیرات کے پناہ گزین کیمپ پر تازہ ڈرون حملے میں کم از کم 12 فلسطینی شہید اور 60 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے پناہ گزین کیمپ میں مقیم نہتے شہریوں کو براہِ راست نشانہ بنایا، جس سے علاقے میں بھاری جانی نقصان ہوا۔
ذرائع کے مطابق غزہ میں صبح سے جاری حملوں کے نتیجے میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 90 تک پہنچ گئی ہے۔ سب سے زیادہ جانی نقصان غزہ سٹی میں ہوا، جہاں صرف ایک روز میں 45 فلسطینی شہید ہوئے۔
اسرائیلی بمباری اور ڈرون حملوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے مقامی اسپتالوں پر شدید دباؤ ہے۔ بڑی تعداد میں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے میں مشکلات درپیش ہیں جبکہ ادویات اور بنیادی سہولیات کی کمی صورتحال کو مزید گھمبیر بنا رہی ہے