دبئی (اسپورٹس ڈیسک) — ذرائع ٹیم مینجمنٹ کے مطابق ایشیا کپ فائنل کے لیے پاکستان کے تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں اور میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ حارث رؤف سے متعلق بھارتی میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد اور پروپیگنڈا قرار دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائنل کے لیے پاکستانی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے اور ممکنہ پلیئنگ الیون پہلے جیسی رہے گی۔ ٹیم میں کسی بھی ردوبدل کا فیصلہ صرف ٹاس کے وقت کیا جا سکتا ہے۔ فاسٹ بولر حارث رؤف مکمل فٹ اور بڑے میچ کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ میچ آج شام ساڑھے سات بجے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی فارم میں موجود بولنگ اور بھارت کی طاقتور بیٹنگ لائن اپ کے درمیان زبردست مقابلے کی توقع ہے۔