کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر ابراہیم حیدری میں قبضہ مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سات ایکڑ قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی۔
آپریشن 18 گھنٹے تک جاری رہا جس میں اسسٹنٹ کمشنر، سندھ رینجرز، اینٹی اینکروچمنٹ فورس، علاقائی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے بھرپور حصہ لیا۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے مطابق قبضہ مافیا کے کارندے کارروائی کے دوران موقع سے فرار ہوگئے، تاہم ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ اراضی پر قبضہ مافیا نے وسیع پیمانے پر تجاوزات قائم کر رکھی تھیں جو مکمل طور پر مسمار کردی گئی ہیں۔
کمشنر کراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں لینڈ مافیا اور قبضہ مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ریاستی رٹ اور شہریوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

